پنجاب میں44نرسنگ ٹریننگ کالج کام کررہے ہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت اینڈ ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت نے صحت کے شعبہ کا بجٹ بڑھانے کے ساتھ ٹیکس منی کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کیلئے اس کا آڈٹ بھی شروع کردیا ہے۔ آج یہاں فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجراور صنعتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور وائس چانسلر سمیت تمام آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر تقرری کا آغاز کردیا ہے جبکہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر سنڈیکیٹ کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کمیٹی میں فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ اور ڈاکٹر خرم طارق کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ لوگوں کو صحت اور تعلیم کی اعلیٰ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میںجنرل ہسپتال غلام محمد آباد سمیت کئی ہسپتال بنائے گئے۔ انہوں نے صحت کے شعبہ میں نرسوں کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ ہسپتالوں میں نرسوں کی کمی پوری کرنے کیلئے پچھلے سال 3 ہزار کے قریب نرسیں بھرتی کی گئیں جبکہ مزید بھرتی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 44 نرسنگ ٹریننگ کالج کام کر رہے ہیں۔ ان سب کو Renovate کیا جارہا ہے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تین نرسنگ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد،لاہور اور راولپنڈی میں بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل کی تعلیم کو بھی معیاری بنایا جارہا ہے اور اس مقصد کیلئے بی ڈی ایس ڈگری کا دورانیہ بھی پانچ سال کردیا گیا ہے۔ ہم نے 76۔ ایمبولینسوں کے ذریعے ساری موٹرویز کو ہیلتھ کور فراہم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر ایمبولینس میں ہمارے پاس 3ہیلی کاپٹر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں