غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے بارے میں عوامی آگاہی نتیجہ خیز بنائی جائے،آصف چوہدری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے بارے میں عوامی آگاہی کے لئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں اس ضمن میں سوشل میڈیا سمیت تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائیں۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران جاری کی جس میں غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کی پیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسراعجاز چٹھہ، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن ودیگر افسران اجلاس میں موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ا ے نے بعض عوامی شکایات پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو تلقین کی کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف قانونی کارروائی کے حوالے سے ایف ڈی اے کی طرف سے کوئی کوتاہی، غفلت یا تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حتمی منظوری حاصل کئے بغیر ہائوسنگ سکیم کی ڈویلپمنٹ کرنے والے ڈویلپرز کو محکمانہ نوٹس جاری کرنے کے علاوہ قانون کے تحت بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز اینڈ لینڈ سب ڈویژن رولز اور پیری اربن سٹریکچر پلان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اس ضمن میں ڈویلپرز کی آگاہی کیلئے بھی موثر اقدامات کریں تاکہ قانون شکنی کی نوبت نہ آئے۔ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ منظورشدہ ہائوسنگ سکیموں میں پبلک یوٹیلٹی کیلئے مختص پلاٹس کی مسلسل مانیٹرنگ ہونی چاہئے اس سلسلے میں موقع پر عوامی مفاد عامہ کے پلاٹس کی نوعیت، رقبہ اور دیگر معلومات پر مبنی بورڈز واضح طور پر نصب کئے جائیں تاکہ تعلیم و صحت،مسجد، پبلک پارک اوردیگر یوٹیلٹی سروسز کیلئے مقررہ پلاٹس کو کسی دیگر مقاصد کے لئے استعمال نہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پبلک یوٹیلٹی کے پلاٹس کے حوالے سے اگر کسی جگہ کوئی خلاف ورزی پائی جائے تو اسکے خلاف فوری ایکشن ہوناچاہیے۔ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ غیر منظورشدہ ہائوسنگ سکیموں کی تشہیر روکنے کیلئے پی ایچ اے، ضلعی انتظامیہ اوردیگر اداروں سے قریبی رابطہ رکھیں اور ایسی غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں میں بجلی، سوئی گیس یا دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو روکنے کیلئے متعلقہ اداروں کو بار بار خطوط لکھے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ہائوسنگ سکیموں کے حوالے سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ڈویلپرز کے خلاف فوجداری کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کی دھوکہ دہی یا کسی نقصان سے بچانے کیلئے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے ایف ڈی اے کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیئے۔انہوں نے عوامی الناس سے کہا کہ وہ کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ کی ضرور چھان بین کر لیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے کے متعلقہ شعبے سے رابطہ یا ایف ڈی اے کی ویب سائٹ/ فیس بک سے چیک کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور عوامی آگاہی کے لئے سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں