8بڑے کرکٹر چیمپئنز ٹرافی سے باہر ،ٹورنامنٹ کا رنگ پھیکا پڑگیا

کراچی (سپورٹس نیوز) دنیائے کرکٹ کے 8بڑے نام چیمپئنز ٹرافی سے باہر، ٹورنامنٹ کا رنگ پھیکا پڑ گیا، آسٹریلیا کو عالمی چیمپئن بنوانے والے پیٹ کمنز، پاکستانی جارح مزاج اوپننگ بلے باز صائم ایوب سمیت کئی تگڑے کرکٹرز چیمپئنز ٹرافی کا حصہ نہیں ہوں گے۔ آسٹریلیا کے مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش، مارکس سٹونس، بھارت کے جسپریت بمراہ، جنوبی افریقہ کے نورٹجے، جیرالڈ کوئٹزی، افغانستان کے ایم غضنفر، انگلینڈ کے جیکب بیتھل چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیلیں گے۔واضح رہے کہ 8 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے نویں ایڈیشن کا انعقاد پاکستان میں 19 فروری بروز بدھ کو گرین شرٹس اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا۔ 2016 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے 2021 ایڈیشن کو ابتدائی طور پر ختم کر دیا تھااور 50 اوور کے ورلڈکپ کو ترجیح دی گئی تھی اور کھیل کے تین عالمی فارمیٹس میں سے ہر ایک میں صرف ایک بڑا ٹورنامنٹ کروانے کا خواہاں تھا۔آئی سی سی نے 2021 کے آخر میں اپنے فیصلے کو تبدیل کر دیا، بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد طویل مشاورت اور متعدد اجلاسوں کے بعد روایتی حریف پاکستان اور بھارت نے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے لیے ایک دوسرے کا دورہ نہ کرنے کے فیصلہ کیا، اس طرح بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں کھیلے گا۔2023 ورلڈ کپ کی سرفہرست 7 ٹیمیں اور میزبان پاکستان نے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کو دوگروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے ٹاپ دوٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔تمام ٹیموں کے اسکواڈ، گروپ میچز اور شیڈول جاری کر دیئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں