ایکسپریس وے نہر رکھ برانچ سے نکالی گئی بھل شہریوں کیلئے مصیبت بن گئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ انہار کی غفلت اور عدم توجہ کے باعث ایکسپریس وے نہر رکھ برانچ کی بھل صفائی کے دوران نکالی جانے والی بھل شہریوں کیلئے عذاب بن گئی، ایکسپریس وے پر سڑک کنارے اُڑنے والی دھول’ گرد وغبار سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے جبکہ بھاری مشینری کے استعمال سے نہروں کے پختہ کنارے بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ گئے۔ تفصیل کے مطابق محکمہ انہار کی طرف سے ہر سال زمینداروں’ کاشتکاروں کی فصلوں کو سیراب کرنے کیلئے نہری پانی ٹیل تک پہنچانے کیلئے نہروں کی بھل صفائی کی جاتی ہے۔ فیصل آباد میں محکمہ انہار نے نہروں کی بندش کر کے بالخصوص ایکسپریس وے روڈ نہر رکھ برانچ سے بھل صفائی مہم کا آغاز کر رکھا ہے اور بھاری مشینری نہر میں اتار کر بھل نکالی جا رہی ہے اور مذکورہ بھل نہر کنارے سڑکوں پر پھینک دی جاتی ہے۔ اس کے اٹھانے اور سڑکوں کی صفائی کا کوئی معقول بندوبست نہ کیا گیا ہے۔ نہر سے نکال کر بھل نہر کنارے سڑکوں پر مٹی کے ڈھیر لگ گئے اور مذکورہ بھل خشک ہونے پر ٹریفک کی روانی کے باعث اُڑنے والی دھول اور گرد وغبار نے کینال روڈ کا حسن ”گہنا” دیا۔ دھول اور گرد وغبار اُڑنے سے شہری گلے’ سانس سمیت مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر ہسپتالوں کا رُخ کرنے لگے۔ محکمہ انہار کی طرف سے بھل نکالنے کیلئے ہیوی مشینری کا استعمال کرنے سے نہروں کے کنارے جگہ جگہ سے ٹوٹ گئے۔ نہر کنارے اُڑنے والی دھول نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ انہار کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ بھل صفائی کے دوران مٹی کو نہر کنارے سڑکوں کی بجائے فوراً اٹھوایا جائے اور نہر کنارے سڑکوں کی صفائی کا معقول بندوبست کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں