فیکٹری ایریا ٹاٹا بازار میں تجاوزات مسمار،کئی علاقوں میں ”ریڈ مارکنگ ”

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس کی زیرنگرانی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری’ کئی علاقوں میں وارننگ دیتے ہوئے پختہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ”ریڈ مارکنگ” کر دی گئیں۔ گزشتہ روز ڈپٹی چیف آفیسر حافظہ عظمت فردوس نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ ٹاٹا بازار’ گنیش مل روڈ پر آپریشن کرتے ہوئے بھاری مشینری کیساتھ پختہ وعارضی تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی چیف آفیسر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہر بھر میں بلاامتیاز انسداد تجاوزات کی کارروائیاں بھرپور انداز سے جاری ہیں۔ انہوں نے تاجروں اور شہریوں کو کہا کہ وہ دکانوں کے باہر لگے ہوئے شیڈز اُتار رہے ہیں اور دکانوں اور گھروں کے باہر پختہ تھڑے’ کمرے’ گیراج بنا رکھے ہیں ان کو ختم نہیں کر رہے ہیں۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ازخود دکانوں اور گھروں کے باہر تھڑے’ گیراج’ کمرے وغیرہ کو ازخود ختم کر دیں۔ ورنہ سرکاری مشینری کے ساتھ تجاوزات کے خاتمہ کے دوران ان کا زیادہ نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں’ گلی’ محلوں اور گھروں کے باہر فٹ پاتھ خالی ہونا چاہیے تاکہ لوگوں کو گزرنے میں آسانی ہو اور انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور کئی علاقوں میں پختہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ریڈ مارکنگ کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں