تعلیم یافتہ خواتین کسی بھی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں،مصدق ملک

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) (جی سی ڈبلیو یو ایف)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے پانچویں کانووکیشن کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے پانی و پیٹرولیم، مصدق ملک تھے۔وفاقی وزیر مصدق ملک نے کامیاب فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت اور لگن کو سراہا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین کسی بھی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ اور کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد جیسے ادارے قوم کی بیٹیوں کو اعلی تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے حکومت تعلیم و ہنر کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔اس مو قع پر وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد، پروفیسر ڈاکٹر کنول امین تمغہ امتیاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا مشن طالبات کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا اور انہیں ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیمی کامیابیوں اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اپنی معیاری تدریس اور تحقیقی سرگرمیوں کی بدولت ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔تقریب کے دوران 2785 طالبات کو ڈگریاں دی گئیں، جن میں 9 پی ایچ ڈی، 52 ایم فل، 70 اے ڈی پی/بی ایڈ، اور 2654 بی ایس ڈگری حاصل کرنے والی طالبات شامل تھیں۔ وائس چانسلر نے ادارے کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔ کا نوکیشن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی 33 طالبات کو گولڈ، 29 طالبات کو سلور اور 29 طالبات کو کانسی کے تمغوں سے نوازا گیا۔کانووکیشن میں مختلف شعبہ جات کے ماہرین، صنعتی و کاروباری شخصیات اور دیگر معزز مہمانان نے بھی شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں