پیزا بوائے کے قاتل کوسزائے موت کا حکم

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایڈیشل سیشن جج نے تھانہ صدر کے علاقہ میں ڈیلیوری بوائے کو قتل کرنے پر ایک ملزم کو سزائے موت جبکہ تین کو عمر قید کی سزا کا حکم سنایا۔ استغاثہ کے مطابق، 23دسمبر 2023کو ڈیلیوری بوائے محمد کاشف ریسٹورنٹ سے آرڈر لے کر اسے ڈیلیور کرنے چک نمبر 215ر ب فیصل آباد پہنچا تو آرڈر وصول کرنے والوں سے قیمت کی ادائیگی پر جھگڑا ہوگیا جس پر طیش میں آکر ملزمان انصر حیات سکنہ منظور حیات کالونی اور اس کے ساتھیوں محمد جاوید، جنید ظفر اور مبشر احمد ساکنان چک نمبر 215ر ب نے فائرنگ کر کے محمد کاشف کو قتل کردیا۔ آج اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج منیر حسین گل نے جرم ثابت ہونے پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302بی کے تحت ملزم انصر حیات کو سزائے موت جبکہ اس کے تینوں ساتھیوں محمد جاوید، جنید ظفر اور مبشر احمد کو عمر قید کی سزا کا حکم سنایا۔ عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 544اے کے تحت ملزمان کو فی کس 10لاکھ روپے بطور ہرجانہ مقتول کے ورثا کو ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ہرجانہ کی عدم ادائیگی پر ملزمان کو چھ چھ ماہ کی اضافی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ دریں اثنا، فاضل جج نے تعزیرات پاکستان کی دفعات 148اور 149 کے تحت چاروں ملزمان کو دو، دوسال قید کی سزا کا حکم بھی سنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں