احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کروایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر سرگودھا

سرگودہا (بیوروچیف)ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام سے ملاقات کی اور ان سے احترام رمضان بارے مشاورت کی۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ روزے کے اوقات میں عوامی مقامات پر کھانے پینے پر پابندی اور ہوٹلز کو بند رکھا جائیگا۔ احترام رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور کھانے پینے کی دکانیں افطار سے دو گھنٹے قبل ہی کھولی جا سکیں گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزے کے اوقات میں عوامی مقامات پر کھانے پینے پر پابندی رکھی جائے گی۔ماہ مبارک کے دوران اشیا خورو نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اسپیشل مجسٹریٹ بھی فیلڈ میں رہیں گے۔ جو قیمتوں کو مانیٹر کرنے کیلئے بازاروں اور دکانوں پر روزانہ کی بنیاد پر چھاپے ماریں گے اور موقع پر جرمانہ اور سزائیں سنائیں گے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ماہ مبارک رمضان اللہ کا مہینہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی عبادت بندگی اور عبودیت کا مہینہ ہے۔ حکومت ماہ مبارک رمضان کے دوران احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔ ملاقات کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کی دعا کروائی گئی۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی عمر فاروق بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں