جڑانوالہ (نامہ نگار) لنڈیانوالہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ماں بیٹیوں سمیت 4 افراد کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا۔ سی پی او فیصل آباد کی ریڈنگ ٹیم کو شاباش، تفصیلات کے مطابق 4روز قبل تھانہ لنڈیانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 632گ ب میں شوہر ابراہیم نے اپنے بھائی اسماعیل کے ہمراہ کلہاڑی اور تیز دھار آلہ کی مدد سے اپنی بیوی ارم بی بی، 2بیٹیوں 5سالہ کرن، 2سالہ فاطمہ کے گلے کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا تھا بعد ازاں ماں بیٹیوں کے قتل میں ملوث ملزمان نے ننکانہ کے نواحی علاقے کوٹ حیات میں اپنی بہن کو بھی فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا جڑانوالہ میں ماں بیٹیوں کے تہرے قتل کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ لنڈیانوالہ میں درج رجسٹرڈ ہوا تھا جبکہ آر پی او نے سی پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے وقوعہ میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایس پی ٹائون ضیا الحق کی سربراہی میں بننے والی ٹیم میں شامل ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ غازی حق نواز،انچارج انویسٹی گیشن ضیغم عباس بلوچ نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ماں بیٹیوں اور بہن کے قتل میں ملوث دونوں سگے بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتلوں میں ملوث گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، قاتلوں کی گرفتاری پر سی پی او فیصل آباد نے پولیس ریڈنگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔




