صفدر آباد کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے

صفدرآباد(نامہ نگار)مریم نواز شریف اپنے قیمتی وقت سے کچھ ٹائم نکال کر صفدرآباد کا وزٹ فرمائیںاور شہر کی ترقی کے لئے منصوبہ جات کا اعلان فرمائیں۔چوہدری غلام شبیر مانگٹ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی صفدرآباد نے مریم نواز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ پلیز صفدرآباد کا دورہ کریں اور اپنے چاہنے والے شہریوں کے مسائل کے حل کے کچھ کریں۔انہوں نے کہا کہ صفدرآباد میں اس وقت شہریوں کی تفریح کے لئے کوئی پارک موجود نہیں۔شہری ہر وقت تفریح کی خاطر ریلوے اسٹیشن کے بنچوں پر یا ریلوے ٹریک پر بیٹھ کو آپس کے دکھ سکھ شیئر کرتے رہتے ہیں کوئی دوسری جگہ انہیں میسر نہیں جہاں کچھ وقت گزار کر تفریح کر سکیں۔ریلوے اسٹیشن کی مغربی جانب مال گودام کی پرانی جگہ کے قریب ریلوے کیبن تک کوئی چار ایکڑ اراضی خالی پڑی ہوئی ہے ،لوگ وہاں کوڑاکڑکٹ پھینکتے ہیں ،میونسپل کمیٹی کو بھی یہی جگہ پسند ہے اور وہ بھی اسی مقام پر شہر کا کوڑا جمع کرتے ہیں جو کہ شہریوں کے ساتھ ایک مذاق ہے۔اس جگہ کوڑا نہیں بلکہ عوام کے لئے اور ان کی نسلوں کے لئے یہاں پارک بنانے کی ضرورت ہے اور اسے کوئی بھی نام دیا جائے مثلاًریلوے پارک،،ریلوے گرائونڈ،،کمپنی باغ،مریم نواز پارک،،میونسپل پارک،،وغیرہ۔دیگر مسائل میں طلبہ و طالبات کے لئے آبادی کے لحاظ سے مزید سکولوں کا قیام،صاف پانی کی فراہمی،صفدرآباد کو قریبی شہروں سے لنک کرنے والی سڑکوں کی کارپیٹنگ،ٹیکنیکل کالجز،آئی ٹی یونیورسٹی،ایوان انصاف،گرڈ اسٹیشن،اندرون شہر سڑکوں کی بیوٹیفکیشن،ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن،مرکز قومی بچت کا قیام،لاہو ر اور فیصل آباد تک سرکاری ٹرانسپورٹیشن،انڈسٹریل ایریا کا قیام،خانقاہ ڈوگراں انٹر چینج تا جڑانوالہ انٹر چینج روڈ کی تعمیر،تیز رفتار گاڑیوں کے اسٹاپ،سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتالوں کی ضرورت،رکھ برانچ کینال کے دونوں اطراف روڈز کی تعمیر برائے حافظ آباد ،شہر سے باہر غلہ منڈی کی منتقلی اور دیگر مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات شامل ہیں ۔یہاں کے عوام اپنے محبوب قائدین کی راہ دیکھ رہے ہیں کہ وہ کب صفدرآباد تشریف لاتے ہیں۔اس سے پیشتر بھی چوہدری غلام شبیر مانگٹ کی چیئرمین شپ کے دور میں وزیر اعظم میاں نواز شریف بھی تشریف لائے تھے اور انہوں نے صفدرآباد کو تحصیل کا درجہ دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں