نارووال (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال نوجوانوں کو تباہ کر سکتا ہے ہمیں گمراہ کن پروپیگنڈے سے بچنا ہوگا۔ اڑان پاکستان کے ذریعے 2030 تک معیشت کو 1 ٹریلین ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔ ملک کی ترقی کے لیے ہم نے مل کر کام کرنا ہے اور اسے بدنام کرنے والوں کو پہچاننا ہے۔ نارووال میڈیکل کالج کی پہلی وائٹ کوٹ تقریب 2025 سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے ایم بی بی ایس کے پہلے سال کی تکمیل پر طلبہ کو وائٹ کوٹ پہنائے جانے کے بعد انکے حلف اٹھانے پر انھیں مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا انسان کی زندگی کے وہ لمحے سب سے قیمتی ہوتے ہیں جب وہ اپنے آباؤ اجداد کے خوابوں کو حقیقت بنتے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا 1993 میں جب نارووال کے عوام نے مجھے قومی اسمبلی کا رکن منتخب کیا تو میرے پاس نہ ڈیرے تھے، نہ بینک بیلنس، بلکہ میری تعلیم ہی میری پہچان تھی۔ میں نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ جس خطے نے مجھے تعلیم کی بنیاد پر کامیاب کیا، میں اسے دنیا کی بہترین تعلیمی سہولیات دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نارووال میں انجینئرنگ یونیورسٹی، آئی ٹی کیمپس اور یونیورسٹی آف نارووال کا قیام اسی عزم کی تکمیل ہے۔ آج یونیورسٹی آف نارووال میں 7000 طلبہ زیر تعلیم ہیں، جن میں 5000 طالبات شامل ہیں۔ یونیورسٹی آف نارووال میں سینٹری سائنسز کا ڈیپارٹمنٹ سب سے کامیاب ہے۔ انہوں نے کہا نارووال میڈیکل کالج میرا خواب تھا، جسے 2017ـ18 کے بجٹ میں منظور کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد تمام ترقیاتی منصوبے روک دیے گئے، نارووال اسپورٹس سٹی کا مقدمہ بنا کر مجھے جیل بھیج دیا گیا۔ یہ سوال کیا گیا کہ نارووال میں اسپورٹس سٹی کیوں بنایا، میرا جواب تھا کیا نارووال پاکستان کا حصہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا حمزہ شہباز کے بطور وزیر اعلیٰ چالیس کروڑ کی گرانٹ سے نارووال میڈیکل کالج کا منصوبہ دوبارہ شروع کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اس منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا گیا۔ آج 100 طلبہ و طالبات اپنی میڈیکل تعلیم کا آغاز کر رہے ہیں، جو میرے خواب کی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا مجھے یقین ہے کہ نارووال میڈیکل کالج ایک دن پاکستان کے صفِ اول کے میڈیکل کالجوں میں شامل ہوگا۔ کالج میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، بائیو میڈیسن اور جدید طبی تحقیق کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے طلبا کو تلقین کی کہ اگر آپ بہترین ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں تو مسلسل 10 سال محنت کریں اور تحقیق کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا سوشل میڈیا کا غلط استعمال نوجوانوں کو تباہ کر سکتا ہے ہمیں گمراہ کن پروپیگنڈے سے بچنا ہوگا۔ میرے جسم میں آج بھی وہ گولی موجود ہے جو ایک نوجوان نے سوشل میڈیا کی بدگمانیوں کی وجہ سے مجھ پر چلائی۔ انہوں نے کہا اختلاف رائے ضروری ہے، مگر اسے نفرت میں بدلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا یہ ایک سو طلبہ و طالبات وہ روشن چراغ ہیں جن کا مستقبل محفوظ بنانا ہماری کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے مثبت سوچ اپنانا ہوگی۔ اڑان پاکستان کے ذریعے 2030 تک معیشت کو 1 ٹریلین ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے اور اسے بدنام کرنے والوں کو پہچاننا ہے۔نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، سپر پاور کو نو کہہ کر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ انہوں نے کہا پسماندہ ضلع کو ترقی دینا اور سہولیات کی فراہمی جرم نہیں بلکہ یہ پاکستان کی حقیقی ترقی ہے ۔ انہوں نے کہا مجھے فخر ہے کہ تعلیم میری پہچان ہے۔ ناروال کے عوام نے مجھے امن، تعلیم اور ترقی و خوشحالی کے لئے ووٹ دیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ناروال کا پسماندہ ہونا یہاں کے عوام اور میرا جرم نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی امن اور آشتی کی ضمانت فراہم کرتی ہے، دل و دماغ روشن کرتی اور تاریکیوں کا خاتمہ کرتی ہے۔ ترقی اور خوشحالی امن کے ساتھ جڑی ہے، میں نے تعلیم امن اور خوشحالی کے منشور کو اپنایا ہے ۔




