مراکز صحت کو آئوٹ سورسنگ کا فیصلہ واپس لیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری ،محمد رفیق لودھی، احسان الحق زاہدی، طارق گجر،چوہدری اسداللہ رندھاوا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب بنیادی مراکز صحت کو آئوٹ سورسنگ کافیصلہ واپس لے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر وسیکرٹری ہیلتھ پنجاب سمیت ذمہ داران کوان مراکز صحت میں کام کرنے والے ملازمین کے خاندانوں کو معاشی بحران سے بچانے کیلئے فیصلے پر نظرثانی کرناچاہئے۔ حکومت پنجاب کا یہ فیصلہ ملک کے معاشی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے مزید لوگوں کو بے روز گاری کی دلدل میں دھکیلے گا۔ بنیادی مراکز صحت کو ختم کرنیکے فیصلے پرملازمین میں شدید پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔ بتایا جا رہا ہے محکمہ صحت کے 1200 بنیادی مراکز صحت کو ٹھیکے پر دیا جارہا ہے اور سرکاری نوکری کرنے والوں کی جگہ ٹھیکے دار اپنا عملہ رکھیں گے جس سے تمام کنٹریکٹ ۔ اور ایڈہاک ملازمین کی نوکری ختم کی جائے گی۔ اس وقت بنیادی مراکز صحت میں تقریبا 50سے 60ہزار ملازمین ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جو کہ اس فیصلے کے بعد بیروزگار ہو جائیں گے۔ ملک کے معاشی حالات کی وجہ سے پہلے ہی بیروزگاری سے عوام میں احساس محرومی موجود ہے حکومت کے ایسے فیصلوں سے ناصرف مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا۔ عوام اور سرکاری ملازمین کی بہتری کیلئے ارباب اختیار واقتدار کو بہترین معاشی لائحہ عمل بنانا ہو گا تاکہ عوام میں اور سرکاری ملازمین میں بڑھتا احساس محرومی ختم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں