لاہور(بیوروچیف) پنجاب بھر میں دیہی مراکز صحت کی آئوٹ سورسنگ کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں شعبہ صحت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ینگ ڈاکٹرز کے زیر انتظام مراکز صحت میں مریضوں کا تناسب تین گنا تک بڑھ گیا ہے، صوبہ بھر میں 225آر ایچ سی کی ری ویمپنگ پوری طرح مکمل ہو چکی ہے، بنیادی مراکز صحت نئے شاندار کلینکس میں بدل گئے ہیں، مراکز صحت کو مریضوں کے لئے ابتدائی ریفرل سنٹر بنایا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مراکز صحت میں بڑے ہسپتالوں کے برابر طبی اور تشخیصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی،جنرل سرجری، گائنی،تشخیص، طبی ٹیسٹ اور دیگر سہولیات بھی میسر ہونگی،آر ایچ سی کی آئوٹ سورسنگ کے بعد نئے کلینکس ہفتہ بھر 24گھنٹے کھلے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے ایک ہزار 147مراکز صحت میں سے 766کی ری ویمپنگ مکمل ہو چکی ہے اور 396محکمہ صحت کے سپرد کر دیئے گئے ہیں، پنجاب بھر کی او پی ڈیز میں 6ارب 70کروڑ سے زائد کی مفت ادویات فراہم کی جا چکی ہیں،مریم نواز کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پروگرام کیلئے 12ہزار 671درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ مریم نوازکمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پروگرام کے تحت گھروں کے سروے، ڈیٹا اور دیگر تفصیلات حاصل کی جائیں گی، چیف منسٹر سپیشل اینی شیٹیو ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت پانچ رینل اور ایک لیور ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے،چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 6900مریض رجسٹرڈ اور 2625 مستفید ہوچکے ہیں۔چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کے تحت 8ہزار سے زائد مریضوں کا ڈائیلسز مکمل اور 7ہزار 630مزید مریض رجسٹر ہوئے ہیں،پنجاب بھر میں کلینک آن ویل سے 72لاکھ مریض مستفید ہوچکے ہیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے مری کے سامبلی جنرل ہسپتال کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و توسیع ، جناح ہسپتال پی آئی سی ٹو کو 30ستمبر تک فعال کرنے کی ہدایت کی اور نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف سرگودھا میں جون تک او پی ڈی فعال کرنے جبکہ نوازشریف کینسر ہسپتال کومقررہ مدت میں فعال کرنے کا حکم دیا۔دوران اجلاس ڈویژنل لیول پر ہر مرض کے علاج کے لئے میڈیکل سٹی بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا جبکہ ہر ضلع کی سطح پر برن یونٹ،کارڈیک سنٹراور چلڈرن وارڈ بنانے پر اتفاق ہوا، لاہور رنگ روڈ کے اطراف میں میگا میڈیکل سٹی قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 100فیصد بہتری لانا ہدف ہے،ہسپتالوں میں مناسب صفائی نا ہونا انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ امر ہے، پسماندہ اور دوردراز علاقوں کے عوام کو بھی جدید ترین طبی سہولتوں کی ضرورت ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق جدید ترین طبی آلات مرحلہ وار فراہم کررہے ہیں،ڈاکٹروں اور سٹاف کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے پائیدار اقدامات کیے جارہے ہیں۔




