لاہور (سپورٹس نیوز) چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنالی۔ یہ نیوزی لینڈ کا مجموعی طور پر تیسرا چیمپئنز ٹرافی فائنل ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 363رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بورڈ پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 362رنز کا ٹوٹل سجا دیا۔ کیویز کی جانب سے راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے سنچریاں بنائیں جبکہ ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے 49، 49رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگی اینگیڈی نے 3، کگیسو رباڈا نے 2جبکہ ویان ملڈر نے ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے محتاط بیٹنگ کی لیکن ٹیم کی جیت کی امیدوں کو برقرار رکھا، تاہم مڈل اوورز میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوائیں جس کے ساتھ ہی میچ نیوزی لینڈ کے حق میں چلا گیا۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 20رنز پر گری جبکہ دوسری وکٹ پر کپتان باووما اور ڈوسن کے مابین 105رنز کی مارٹنرشپ بنی، تاہم جیسے ہی 56رنز بنانے والے باووما اور 69 رنز بنانے والے ڈوسن آٹ ہوئے تو جنوی افریقہ کی بیٹنگ لائی لڑکھڑا گئی۔ اختتامی لمحات میں ڈیوڈ ملر نے سنچری بنا کر کیوی بولرز کا مقابلہ کیا، لیکن رن ریٹ زیادہ ہوجانے اور وکٹیں گرنے کے باعث وہ اپنی ٹیم کو فتح کی لکیر عبور کروانے میں ناکام رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر نے 3، میٹ ہینری اور گلین فلپس نے دو دو جبکہ مائیکل بریس ویل اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ لی۔ نیوزی لینڈ فائنل میں ٹرافی کی جنگ کے آخری میچ میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھارتی ٹیم کا مقابلہ کرے گی جو سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل تک پہنچی۔




