شام کا بشارالاسد کے حامیوں کیخلاف آپریشن ختم کرنیکا اعلان

دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) شام نے سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد معزول صدر بشارالاسد کے حامیوں کے خلاف فوجی آپریشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شامی وزارت دفاع نے گزشتہ روز معزول صدر بشار الاسد کی ملیشیا کے خلاف آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کیا۔ترجمان کا کہنا تھا اہم سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور مرکزی شاہراہوں کو باغیوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عبوری صدر احمد الشرع، جن کی تنظیم نے 8دسمبر کو اسد کا تختہ الٹنے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، نے کہا کہ ملک کو دوبارہ خانہ جنگی کی طرف دھکیلا نہیں جائے گا۔یاد رہے کہ شام میں سکیورٹی فورسز اور سابق صدر بشار الاسد کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں میں پچھلے 4روز کے دوران 1300سے زیادہ افراد مارے گئے۔ یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب معزول صدر بشار الاسد کے حامی مسلح افراد نے شام کی سکیورٹی فورسز پر حملہ کر دیا۔حالیہ پرتشدد جھڑپوں کا مرکز شام کے ساحلی علاقے طرطوس اور لاذقیہ (لطاکیہ) رہا، جہاں علوی کمیونٹی کی اکثریت رہتی ہے۔ ہلاک ہونے والے اکثر شہریوں کا بظاہر تعلق اسی علوی کمیونٹی سے ہے۔ برطانیہ میں موجود شامی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق ان جھڑپوں میں 231سکیورٹی اہلکار اور 250بشار الاسد کے حامی جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔البتہ حکام نے جانی نقصان کے اعداد و شمار فراہم نہیں کیے۔ انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ہزار سے زائد سویلین بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں