مالی بے ضابطگیوں کا الزام،CEOہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار کو عہدے سے ہٹال دیا گیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) نان ڈویلپمنٹ مقاصد کیلئے ساڑھے 67 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز کا استعمال بقایا بجٹ کے فنڈز میں غلط رپورٹنگ اور مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈویژن ڈاکٹر عدنان محمود کو سی ای او ہیلتھ کس اضافی چارج دے دیا گیا،تفصیلات کے مطابق نان ڈویلپمنٹ مقاصد کیلئے 67کروڑ 53لاکھ 57ہزار 936روپے کے استعمال بقایا بجٹ میں غلط رپورٹنگ اور مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں پر پیدا ایکٹ کے تحت سی ای او ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر اسفند یار کو عہدے سے فوری طور پر ہٹا دیا گیا ہے ڈاکٹر اسفند یار کو بطور اے پی ایم او ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ تعینات کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار نے مالی معاملات میں مبینہ طور پر غلط رپورٹنگ کی اور ڈی ایچ اے کے مالی امور چلانے میں ناکام رہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سابق سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار نے ریکارڈ میں بقایا جات کی مد میں کلوزنگ بیلنس 20ہزار 4سو 76روپے بتایا جبکہ بقایا بجٹ میں بیلنس 81کروڑ 81لاکھ 752روپے تھے۔ ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کے فنڈز میں مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کی اعلیٰ سطحی انکوائری کی جا رہی ہے اور ذمہ داران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ڈاکٹر اسفند یار کی جگہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈویژن ڈاکٹر عدنان محمود کو سی ای او ہیلتھ فیصل آباد کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں