محفوظ اور باعزت رہائش خوشحال پاکستان کی جانب اہم پیشرفت (اداریہ)

گھر ہر انسان کی بنیادی ضرورت اور محفوظ مستقبل کی علامت ہے، اپنا گھر نہ صرف خاندان کو تحفظ فراہم کرتا ہے بلکہ معاشرتی استحکام’ ذہنی سکون اور بہتر طرز زندگی کی بنیاد بھی بنتا ہے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی’ شہری پھیلائو اور تعمیراتی اخراجات میں اضافے کے باعث کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کے لیے اپنا گھر تعمیر کرنا یا خریدنا ایک چیلنج ہے۔ ایسے حالات میں رہائشی سہولتوں کی فراہمی اور گھر کے خواہش مند شہریوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اپنا گھر سکیم کے تحت ہزار ارب روپے کے قرضوں کے سنگ میل کو عبور کرنے کا موضوع اسی تناظر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے رہائشی سہولتوں کے فروغ اور عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے اقدامات اس بات کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہمی تعاون سے اس شعبے کو مزید مؤثر بنا سکتی ہیں۔ ”اپنا گھر پروگرام” کے تحت اگلے 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل کے حصول کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے تیز تر عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستحق خاندانوں کو گھر کی فراہمی قومی ذمہ داری ہے، قرضوں کی تقسیم کے مطلوبہ ہدف کے حصول کے لیے تمام رکاوٹیں اور مشکلات مل کر دور کی جائیں، بینک قرضوں کی منظوری میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستحق شہریوں کو بلاتاخیر اپنے گھر کی تعمیر کیلئے مالی سہولت میسر آئے، قرضوں کی منظوری میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اس قومی منصوبے میں کسی قسم کی سیاسی سفارش یا اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں، وزیراعظم نے کہا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت بینکوں کے ذریعے قرضوں کی فراہمی میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے کو مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے اس امر کو سراہا کہ قرض حاصل کرنے والے کسی شہری سے اس کی سیاسی وابستگی کے بارے میں نہیں پوچھا گیا۔ انہوں نے بینکوں کو واضح ہدایت کی کہ اگر کوئی غلط سفارش’ حتیٰ کہ وزیراعظم کی طرف سے بھی آئے تو بینک اسے مسترد کر دیں کیونکہ یہ قومی وسائل ہیں اور ان پر حق صرف مستحق افراد کا ہے۔ ماضی میں ہائوسنگ سکیموں کا رخ بڑے اور شاہانہ گھروں کی طرف رہا، حالانکہ اشرافیہ کو ایسے قرضوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اصل ضرورت مزدوروں’ بیوائوں’ یتیموں’ متوسط طبقے اور ایسے عام خاندانوں کو ہے جو اپنی چھت کے حصول کیلئے وسائل نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک تقریباً 18ہزار گھروں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ پانچ متعلقہ بینکوں کو اس منصوبے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر بلیو پاسپورٹ فراہم کیے جائیں گے اور وہ اس شعبے میں ملک کے عمومی سفیر ہونگے، ان بینکوں کے مالکان یا چیف ایگزیکٹو افسران باہمی طور پر فیصلہ کرینگے کہ یہ پاسپورٹ کون حاصل کرے گا تاہم قرضوں کی جائز منظوری میں تاخیر کی صورت میں متعلقہ بینک جواب دہ ہونگے۔ اپنا گھر صرف چار دیواری اور چھت کا نام نہیں بلکہ یہ خاندان کے تحفظ’ بچوں کے بہتر مستقبل اور معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے۔ وفاق اور صوبے اگر مشترکہ منصوبہ بندی’ شفاف قرضوں’ آسان شرائط اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں تو رہائش کے مسائل میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ حکومت’ مالیاتی اداروں اور متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے ایسا ماحول تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے جس میں ہر مستحق خاندان اپنی استطاعت کے مطابق محفوظ اور باعزت رہائش حاصل کرنے کی امید رکھ سکے۔ یہی ایک مضبوط’ مستحکم اور خوشحال پاکستان کی جانب اہم پیش رفت ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں