بجلی صارفین کیلئے بڑا ریلیف

اسلام آباد(بیوروچیف) وزیر اعظم شہباز شریف 23مارچ کو آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد بجلی کے نرخ میں 8روپے فی یونٹ کمی کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ٹیرف میں کمی یکم اپریل 2025سے موثر ہوگی جب کہ عوام کو مئی میں کم کیے گئے بل موصول ہوں گے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کی پوری مشق میں شامل سینئر حکام نے بتایا کہ تاہم 8روپے فی یونٹ میں سے 4.73روپے فی یونٹ کی کمی مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی، یہ کمی 6آئی پی پیز کے معاہدے ختم کرنے، 16آئی پی پیز کے پاور پرچیز معاہدوں کو ٹیک اینڈ پے ماڈل پر تبدیل کرنے، بیگاس پاور پلانٹس کو امریکی ڈالر سے منسلک کرنے کے بجائے پاکستانی روپے سے جوڑنے اور سرکاری پاور پلانٹس کے ریٹرن آن ایکویٹی کو پاکستانی روپے کی بنیاد پر 13فیصد تک محدود کرنے اور امریکی ڈالر کی قدر کو 168روپے پر فکس کرنے کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔ سینئر حکام نے کہا کہ ہم بجلی کے نرخوں میں کمی میں ان پیٹرولیم مصنوعات کو کم نہ کرنے کے اثرات کو شامل کرنے جا رہے ہیں جن کی قیمتیں بین الاقوامی مارکیٹ میں 16مارچ 2025سے کم ہونے والی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا تخمینہ 168ارب روپے لگایا گیا ہے جو بجلی کے ٹیرف میں 1.30روپے فی یونٹ کمی کے لیے استعمال کیے جائیں گے، آئی ایم ایف نے حکومت کے اعلی حکام کو 3ماہ تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کے نتیجے میں 250ارب روپے تک کے اثرات کے بدلے ریلیف حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے بشرطیکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید کم ہوتی رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں