حضرت علی کی تعلیمات تمام مسلم امہ کیلئے مشعل راہ ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد۔دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں شعبہ اسلامک سٹڈیز اور سکول آف نرسنگ کے باہمی اشتراک سے یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موضوع پرخصوصی سیمینا ر کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد معروف نعت خواں مس عائشہ بتول اور طالبات نے ہدیہ نعت اور مناقب اہل بیت پیش کیں۔ سیمینار کی مہمان مقرر معروف اسلامی سکالر مسز شمیم وریام نے خلیفہ چہارم حضرت علی کرم اللہ وجہ کی تعلیمات کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی کی ولادت باسعادت خانہ کعبہ میں ہوئی اسی مناسبت سے آپ کو مولود کعبہ بھی کہا جاتا ہے۔ آپ کی تربیت نبی پاک ۖ نے خود فرمائی۔ آپ ۖ فرماتے تھے کہ میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں۔ تمام صحابہ کرام میں جو مقام و مرتبہ حضرت علی کو حاصل ہے وہ کسی اور کو حاصل نہیں۔آپ کی شجاعت اور بہادری بے مثال تھی۔آپ کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا ذریں دور ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نبی پاک ۖ کے تبلیغ اسلام کے مشن کیلئے حضرت علی نے جو خدمات سرانجام دیں وہ بے مثال ہیں۔آپ کی حیات مقدسہ کا ایک ایک لمحہ انسانیت کی بھلائی اور رہنمائی کیلئے انمول خزانہ ہے۔ آپ کی تعلیمات تمام مسلم امہ کیلئے مشعل راہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں