ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) مسجدالحرام اور مسجد نبویۖ میں شب قدر کی تلاش میں تیسری طاق رات پر خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا جس میں لاکھوں نمازیوں نے شرکت کی۔رمضان المبارک کے آخری عشرے کی 25ویں شب کے موقع پر مسجدالحرام اور مسجد نبویۖ میں 25لاکھ سے زائد نمازی شریک ہوئے اور نوافل ادا کیے۔مسجدالحرام اور مسجدنبوی ۖکی چھتوں،صحن اور ارد گردشاہراہوں،کلاک ٹاور میں نمازیوں کا بھرپور رش دیکھا گیا۔طواف وعمرہ کے بعد نماز تراویح، قیام اللیل اور اجتماعی دعائوں کے لیے نمازیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔اس موقع پر زائرین کے تحفظ کے لیے 20ہزار پبلک سکیورٹی فورس کے اہلکار مصروف عمل رہے۔ فورس نے ہجوم کے کنٹرول و منظم کرنے کے لیے راہداری کی نگرانی کی۔فورس نے ٹریفک کی روانی، نقل وحرکت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور مواصلاتی نظام کا استعمال کیا۔




