آج سے بارشیں ہی بارشیں

لاہور (بیوروچیف) محکمہ موسمیات نے 25 سے28مارچ کے دوران ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی نوید سنا دی۔شمال مغربی ہوائوں کا سسٹم لاہور میں داخل ہو گیا، ماہرین نے شہر لاہور میں بارش برسنے کی نوید سنا دی۔ سورج کی کرنوں کیساتھ ہوائیں چلنے سے فضا میں تازگی برقرار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 24ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33ڈگری تک جانے کاامکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ ملک بھر میں تیزہواوں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور ژالہ باری کابھی امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق آج سے 28مارچ کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلادھار بارش کاامکان ہے،خیبرپختونخوا میں بھی آج سے 27مارچ کے دوران آندھی اور بارش متوقع ہے ،مری ،گلیات، اسلام آباد اورپنجاب میں وقفے وقفے سے بارش اورژالہ باری ہوگی۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں آج اور کل گردآلود ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ آندھی اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے،سیاح پہاڑی علاقوں کے غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ مری، گلیات اور گرد ونوا ح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ باجوڑ، مہمند ، خیبر، چترال، دیر ، سوات ، کوہستان اور کرم میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں