وزیر اعظم بیلا روس کا دورہ کرینگے

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیر اعظم شہباز شریف کے عید الفطر کے بعد بیلاروس کے دورے کی تیاریاں جاری، شہباز شریف ایک اعلی سطح وفد کے ہمراہ 10اپریل کو روانہ ہوں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دو روزہ سرکاری دورے میں ایک اعلیٰ سطح وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہو گا، انہیں دورے کی دعوت بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی جانب سے دی گئی تھی، وزیر اعظم کے دورے سے قبل وفاقی وزیر علیم خان کا دورہ بیلاروس بھی متوقع ہے۔دورہ بیلا روس کے دوران وزیراعظم کی بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو سے ملاقات ہو گی،دورے میں پاکستان اور بیلاروس کے مابین باہمی مذاکرات بھی ہوں گے،بیلا روس کے صدر نے گذشتہ برس نومبر میں بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، ان کے ہمراہ ایک 68رکنی اعلی سطح وفد پاکستان پہنچا تھا جس میں متعدد وزرا شامل تھے۔سفارتی ذرائع کے مطابق بیلاروس کی 43نمایاں کاروباری شخصیات بھی ان کے وفد کا حصہ تھیں،دورہ بیلا روس کے دوران دونوں ممالک میں پاک بیلاروس تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا، اس موقع پر متعدد مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔دونوں ممالک میں الیکٹرانک کامرس تعاون’ سائنس و ٹیکنالوجی’ کسٹمز’ ماحولیاتی تحفظ’ ٹریکٹر سازی’ صحت اور ووکیشنل ٹریننگ میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں