امریکی ٹیرف کے اثرات’پاکستان اور سعودیہ کی سٹاک مارکیٹ میں اربوں کا نقصان

کراچی(بیوروچیف) امریکی ٹیرف کے اثرات’ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں شدید مندی کا رجحان۔ کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے کو ملی، 100انڈیکس 3297پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 15ہزار 499کی سطح پر آگیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 1800سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 100انڈیکس ایک لاکھ 20ہزار 793پوائنٹس کی حد کو چھو گیا۔تاہم کاروباری روز کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی چھا گئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 146پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 18ہزار 791پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ آج کاروبار کا آغاز ہوتے ہی سٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہو گئی۔دریں ثنائ۔ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ٹیرف کے نفاذ کے باعث سعودی اسٹاک مارکیٹ میں 500ارب ریال کا نقصان ہوا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی بینچ مارک تاسی انڈیکس 700پوائنٹس کی کمی سے 11200پر بند ہوا۔ آئل کمپنی آرمکو کو شیئرز کی مد میں 340ارب ریال کا نقصان ہوا ہے۔قطر، کویت، مسقط اور بحرین کی اسٹاک مارکیٹوں میں گراوٹ دیکھی گئی جبکہ کویت اسٹاک مارکیٹ میں6.6، قطراسٹاک میں 5.5فیصدکمی ہوئی ہے۔ سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ خلیجی اسٹاک مارکیٹوں میں مئی 2020 کے بعد سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مندی کی وجہ امریکی ٹیرف کا نفاذ اور تیل کی قیمتوں میں کمی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں