اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیرا علی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہریوں کو اشیاضروریہ کی حکومتی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے کی۔اجلاس میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ صارفین کو روز مرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔ عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر ہرگز نہیں چھوڑا جاسکتا۔انہوں نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ پرائس مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں زیادہ سے زیادہ انسپکشنز کریں۔ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں