انسٹاگرام ‘کم عمر صارفین کیلئے نئی شرط

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) انسٹا گرام نے کم عمر صارفین کے تحفظ کیلئے نئی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت انسٹا گرام میں اب کم عمر صارفین اپنے دوستوں کیساتھ لائیو براڈ کاسٹ والدین کی اجازت کے بغیر نہیں کرسکیں گے۔ میٹا کی جانب سے کئے اس اعلان کے مطابق اس پابندی کا اطلاق 16سال سے کم عمر انسٹا گرام صارفین پر ہوگا اور یہ ان سیفٹی فیچرز کا حصہ ہے جن کا اعلان گزشتہ سال کیا گیا تھا اور اس سیٹنگز کو ٹین (Teen) اکائونٹس کا نام دیا گیا تھا۔اس کا اطلاق صرف انسٹا گرام میں ہی نہیں ہوگا بلکہ میٹا کی جانب سے فیس بک اور میسنجر کے کم عمر صارفین کے لیے بھی اسے متعارف کرایا جا رہا ہے۔میٹا کے فیملی سینٹر پر والدین 16 سال سے کم عمر صارفین کے اکائونٹس کو ہینڈل کرسکتے ہیں۔انسٹا گرام کی پبلک پالیسی کی گلوبل ڈائریکٹر تارا ہوپکنز کے مطابق نوجوانوں کے اکائونٹس کے لیے جن فیچرز اور تبدیلیوں کا اطلاق کیا جا رہا ہے، اس کا مقصد آن لائن ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔میٹا کے مطابق ٹین اکائونٹس کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے اب تک ساڑھے 5کروڑ کے قریب نوجوانوں کو اس کا حصہ بنایا جاچکا ہے جن میں سے 97فیصد کی عمریں 16سال سے کم ہیں۔ 13سے 15سال کے صارفین پر زیادہ سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جیسے انہیں اپنے اکائونٹس کی کسی بھی سیٹنگز میں تبدیلی کے لیے والدین کی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے۔تاہم 16سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کو سیٹنگز میں تبدیلی کے لیے زیادہ نرمی فراہم کی گئی ہے۔اس طرح میٹا کی جانب سے فیس بک اور انسٹا گرام پر نئی پالیسیوں کے تحت 18سال سے کم عمر صارفین کے لیے خودکشی، خود کو نقصان پہنچانے اور ایٹنگ ڈس آرڈرز (eating disorders) جیسے حساس مواد تک سرچ اور ایکسپلور جیسے فیچرز کے ذریعے رسائی کو مشکل بنایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں