فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پنجاب سیڈ کونسل نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی تیار کردہ خشک سالی اور گرمی کو برداشت کی خصوصیات کی حامل ڈورم (Durum) گندم کی نئی قسم ”چناب پاستا 24 ” کی منظوری دے دی۔ زرعی محققین نے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہوتے ہوئے غذائی استحکام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ڈورم(Durum) ویٹ کو عام طور پر پاستا یا میکرونی گندم کے حوالے سے جانا جاتا ہے جسے بین الاقوامی سطح پر سوجی کے طور پر خصوصی اہمیت رکھنے کی وجہ سے پاستا،بیکنگ اور مختلف غذائی مصنوعات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس کی بڑھتی ہوئی مانگ کے تناظر میں چناب پاستا کی کاشت پاکستان میں انڈسٹریل، معاشی اور برآمدات کا نیا باب مرتب کریگی۔



