کھیل کے دوران دستی بم پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق

کوہاٹ (نامہ نگار) صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ کے علاقے شیخان میں دستی بم پھٹنے سے 2بچے جاں بحق، جب کہ دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق صدر پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ گزشتہ روز بچے ایک خالی پلاٹ میں دستی بم سے کھیل رہے تھے، جب اس میں دھماکا ہوگیا، محلہ مرتضی خیل کے ندیم شاہ نے پولیس کو اطلاع دی کہ 11سالہ سلیمان اور 12سالہ محمد قاسم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔دو بھائی 12سالہ عذیفہ اور 7سالہ معاذ شدید زخمی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو 1122ایمبولینس کو طلب کرلیا، جس نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا۔ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مجید مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر زاہد اللہ خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اور علاقے میں دستی بم ملنے کی تحقیقات کا حکم دیا۔دریں اثنا گزشتہ کئی روز سے لاپتہ ایک افغان پناہ گزین کی مسخ شدہ لاش گزشتہ روز جنگل خیل کے پہاڑی علاقے سے مل گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیمپ نمبر 3کے رہائشی طارق کے والد وقار نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کا بیٹا دوستوں کے ساتھ باہر گیا تھا, لیکن واپس نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے رشتہ داروں اور وقار کے دوستوں سے رابطہ کیا، جنہوں نے کہا کہ انہوں نے بھی کئی دنوں سے اسے نہیں دیکھا ہے۔پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں