ٹوبہ کے اہم چوراہوں میں یادگاریں نصب کی جائیں گی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے “ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور ثقافتی رنگوں سے آراستہ کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں اجلا س منعقد ہوا۔جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے کی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیوں اور دیگر بلدیاتی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ستھرا پنجاب” مہم کا مقصد نہ صرف صفائی اور سرسبز ماحول فراہم کرنا ہے بلکہ شہری ثقافت اور تہذیب کو بھی اجاگر کرنا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے اہم چوراہوں پر خوبصورت مانومنٹس (یادگاریں) نصب کی جائیں گی، جو ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ثقافت، تاریخ اور روایات کی نمائندگی کریں گی۔ ان یادگاروں کی تنصیب سے شہر کو ایک منفرد شناخت ملے گی اور شہریوں کو اپنے ورثے پر فخر محسوس ہوگا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ وال چاکنگ کا خاتمہ، تجاوزات کی روک تھام، شجرکاری، اور شہر کی سڑکوں و بازاروں کی خوبصورتی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ وزیراعلی پنجاب کا ویژن حقیقت بن سکے۔انہوں نے پارکس کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں