پلس پروجیکٹ حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی زیر صدارت پلس پروجیکٹ کی کارکرد گی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید جمیل حیدر شاہ، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین، کامران اشرف، اقرا ناصر، ذوالفقار صابر سمیت محکمہ ریونیو کے عملہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پلس پروجیکٹ کی اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور کارکر د گی کو مزید موثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پلس پروجیکٹ حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جس کا مقصد ریونیو ریکارڈ کو شفاف، جدید اور عوام دوست بنانا ہے۔ اس سے نہ صرف زمینوں کے معاملات میں شفافیت آئے گی بلکہ عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کا بھی بروقت حل ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی اور دیانت داری سے ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں