عوام کو بڑا دھچکا،پٹرولیم لیوی میں8.2روپے فی لیٹر اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا ثمر عوام کو دینے کے بجائے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کردیا۔ پیٹرولیم لیوی میں اضافہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کیا گیا۔حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پرلیوی میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا۔ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے پیٹرول پر لیوی میں 8 روپے 2پیسے جبکہ ڈیزل پر لیوی میں 7روپے مزید اضافہ کردیا گیا۔حکومت نے پٹرول پر لیوی میں8روپے 2پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا، پٹرول پر لیوی کی شرح 78روپے 2پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 7روپے ایک پیسہ اضافہ کر دیا گیا، ڈیزل اور پٹرولیم لیوی 77روپے ایک پیسہ فی لٹر کر دی گئی۔ صدر مملکت نے آرڈیننس پر دستخط کر دیئے، جس کے بعد پٹرولیم لیوی میں اضافہ آج سے نافذ ہو گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے آئندہ 15روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پیٹرول کی قیمت 254روپے 63پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 258روپے 64پیسے فی لیٹر برقرار ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کو پیٹرولیم لیوی بڑھا کر ایڈجسٹ کردیا گیا۔اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، اس کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے بلوچستان پرلگائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں