فیصل آباد میں حاملہ خاتون سمیت4افراد قتل،حادثہ میں6سالہ بچہ جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات میں مسلح افراد نے حاملہ خاتون سمیت 4افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا’ سمندری روڈ پر ٹریفک حادثہ میں 6سالہ بیٹا جاں بحق’ باپ زخمی ہو گیا’ قاتلانہ حملوں میں گولیاں لگنے سے خاتون سمیت 4افراد لہولہان’ مدینہ ٹائون میں گھریلو ملازمہ تاجر کے گھر سے ڈیڑھ کروڑ کے زیورات’ نقدی لے اڑی’ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق ملت ٹائون کے علاقہ 7 ج ب کے رہائشی علی رضوان نے بتایا کہ اسکی بھابھی اقصیٰ بی بی جو کہ ساڑھے 8ماہ کی حاملہ تھی، چیک اپ کروانے باوا چک ہسپتال گئی چیک اپ کروا کر بھانجے عثمان کے ہمراہ واپس آ رہے تھے کہ جب وہ باوا چک کے قریب پہنچی تو مسلح ملزمان رضوان رشید عرف جانی’ عمر دراز عرف سنی وغیرہ نے روک اور موٹرسائیکل سے اتار کر قتل کے مقدمہ کی پیروی سے باز رہنے کا کہا اور انکار کرنے پر گولیاں مار کر نومولود بچے سمیت موت کے گھاٹ اتار کر فرار ہو گئے۔ تھانہ سٹی جڑانوالہ کے علاقہ 127 گ ب کی رہائشی سمر منظور نے بتایا کہ بچوں کی لڑائی پر اس کا باپ منظور احمد نے ملزمان ذیشان وغیرہ کو سمجھایا تو انہوں نے منظور احمد کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ تھانہ سمندری کے علاقہ 140 گ ب کے رہائشی وقار فاروق نے بتایا کہ ملزمان خرم جاوید وغیرہ اسکے بھائی عابد کو گھر سے بلا کر لے گئے اور ایک ڈیرہ پر لے جا کر اسکو زہریلی بوتل پلائی جسکی وجہ سے اسکی حالت غیر ہو گئی تو عابد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ جبکہ پیپلزٹائون کا رہائشی ریاض اپنے 6سالہ بیٹے محمد حسن کے ہمراہ موٹرسائیکل پر شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہا تھا کہ جب وہ سمندری روڈ پل عبداﷲ کے قریب پہنچا تو تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے باپ بیٹا گر کر زخمی ہو گئے، سر میں شدید چوٹ لگنے سے 6سالہ محمد حسن زندگی کی بازی ہار گیا۔ علاوہ ازیں نشاط آباد کے علاقہ سلطان نگر میں گھریلو جھگڑے پر قریبی عزیز ملزم وقاص نے فائرنگ کر کے 22سالہ عشا نور’ نشاط آباد کے علاقہ غلام محمد آباد نمبر2 کا رہائشی عبداﷲ اپنے ماموں کے ختم پاک میں شرکت کیلئے جار ہا تھا کہ معمولی جھگڑے پر مسلح افراد نے گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ روشن والا میں عداوت کی بناء پر ملزمان علی وغیرہ نے مخالف کاشف اور ٹھیکری والا کے علاقہ 250 رب میں معمولی تکرار پر مشتعل ملزمان نعیم وغیرہ نے ارشد کو گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں مدینہ ٹائون کے علاقہ آفیسر کالونی کے رہائشی تاجر مہد علی کی گھریلو ملازمہ سعدیہ بی بی نے گھر کی صفائی کے بہانے ایک کروڑ 30لاکھ مالیت کے زیورات’ نقدی لے کر رفوچکر ہو گئی، پولیس نے درخواست پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں