عوامی خدمت میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کو پنجاب کا مثالی ضلع بنائینگے،محمد جنید انور

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اہم اجلاس وفاقی وزیر برائے سمندری امور و کنوینئر کمیٹی محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی کرنل ریٹائرڈ ایوب خان گادھی، رہنما مسلم لیگ (ن) چوہدری حارث امجد، ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی ترقیاتی سکیموں، عوامی فلاح و بہبود، امن و امان، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد جواد سردار نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں اس وقت 87 ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں جن میں 56 نئی اور 31 جاری سکیمیں شامل ہیں۔ ان سکیموں پر مجموعی طور پر 57 فیصد فنڈز کی مالیاتی یوٹیلائزیشن ہو چکی ہے۔وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے واٹر سپلائی سکیموں کی سولرلائزیشن پر جاری کام کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ایکسیئن پبلک ہیلتھ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 12 سکیموں پر سولرائزیشن کا کام جاری ہے جن میں سے 3 مکمل ہو چکی ہیں۔ وفاقی وزیر نے ان سکیموں کے تحفظ کے لیے مثر میکانزم مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی۔سی ای او ہیلتھ نے اجلاس کو ضلع میں جاری صحت کے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 5 رورل ہیلتھ سنٹرز اور 24 بنیادی مراکز صحت میں سے 19 کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ 5 پر کام جاری ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں بہتری کے لیے سی ای او ایجوکیشن کو سرکاری سکولوں کے انفراسٹرکچر بارے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہروں اور دیہاتوں میں صفائی، انکروچمنٹ کے خاتمے اور شہر کی خوبصورتی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت جاری فلاحی اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ “ستھرا پنجاب” حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے جو شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے یکساں نظام کی بنیاد رکھتا ہے۔کنوینئر کمیٹی محمد جنید انوار چوہدری نے اجلاس میں “ستھرا پنجاب شکایات سیل” کے قیام اور عوامی سہولیات کے لیے واٹس ایپ نمبر متعارف کروانے کی ہدایت دی۔ ممبر صوبائی اسمبلی ایوب خان گادھی نے صفائی کمپنیوں کے منیجرز کو آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دینے کی تاکید کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوامی خدمت میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کو پنجاب کا مثالی ضلع بنایا جائے گا۔ تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ عوام کو ریلیف اور بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری نے ڈی سی آفس میں قائم ستھرا پنجاب کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید جمیل حیدر شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر منور حسین، اقرا ناصر، ذوالفقار صابر، سی ای او ہیلتھ، ایکسیئن بلڈنگ، ہائی وے، پبلک ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں