جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ فضائی نقل و حمل (ایئر ٹرانسپورٹ سروسز) کے نئے معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی (SPA) کے مطابق اس معاہدے کی منظوری گزشتہ روز جدہ میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کی۔ایس پی اے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومتوں کے درمیان فضائی نقل و حمل کی خدمات کے شعبے میں معاہدے کی منظوری دے دی گئی ہے۔پاکستان اور سعودی عرب اس سے قبل بھی فضائی نقل و حمل کے شعبے میں مختلف معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں۔ اگست 2023میں دونوں ممالک نے ایک معاہدہ کیا تھا جس کا مقصد پروازوں کی تعداد میں اضافہ اور مسافروں کے لیے فضائی کرایوں میں کمی لانا تھا۔نیا معاہدہ دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہر سال ہزاروں پاکستانی حج، عمرہ اور روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔ سعودی عرب میں 20لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو ملازمت اور دیگر امور کے لیے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدگی سے سفر کرتے رہتے ہیں۔پاکستان حالیہ برسوں میں چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بھی فضائی رابطوں کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافہ کیا جا سکے۔




