ناولٹی پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار،حادثات بڑھ گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہ اور غفلت کے باعث ناولٹی پل دونوں اطراف سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ دیگر پلوں کی بھی حالت ناگفتہ بہ، ٹریفک کا نظام درہم برہم’ حادثات میں اضافہ’ لڑائی جھگڑے روزمرہ کا معمول بن گئے’ شہری حلقوں کا ارباب اختیار سے ناولٹی پل سمیت دیگر پلوں اور اہم شاہراہوں کو درست کرنے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق شہر کا اہم اوورہیڈ برج ناولٹی پل دونوں اطراف سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا، پبلک آمدورفت میں ٹریفک بلاک رہنا معمول بن چکا ہے اور حادثات کی شرح میں بھی اضافہ جبکہ لڑائی جھگڑے بھی روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں اس کے ساتھ ساتھ جھال پل اور نشاط آباد پل بھی دونوں اطراف سے جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ جھال خانوآنہ پل کے جوڑ عرصہ دراز سے ٹوٹ چکے ہیں جسکی وجہ سے گاڑیوں کے ٹائر پنکچر ہونے کے ساتھ ساتھ گزرنے والی قیمتی گاڑیاں تباہ ہو رہی ہیں جبکہ نشاط آباد پل کی صورت حال بھی انتہائی ناگفتہ بہ ہو چکی ہے۔ جہاں پر روزانہ ہزاروں کی تعداد میں ٹرک’ بسیں اور دیگر بڑی گاڑیاں گزرتی ہیں۔ پلوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا اور شہر کی اہم سڑکیں بھی زبوں حالی کا نقشہ پیش کرتی ہیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ ناولٹی پل سمیت دیگر پلوں اور اہم شاہراہوں کی جلد تعمیر ومرمت کروائی جائے اور اگر تعمیر میں تاخیر ہو تو کم ازکم پیچ ورک ہی کروایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں آسانی ہو اور شہریوں کی قیمتی گاڑیوں کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں