نہروں کے معاملے پر ہڑتال،سڑکیں بند کرنا صنعتی عمل کو متاثر کررہے ہیں،ریحان نسیم بھراڑہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے نہروں کے معاملے پر ہڑتال کے دوران سڑکوں کو بند کرنے اور ٹریفک کو زبردستی روکنے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی برآمدات اور صنعتوں کیلئے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے انتہائی اقدامات سے نہ صرف معیشت کی بحالی کی کوششو ں کو نقصان پہنچے گا بلکہ بے روزگاری کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال بھی ابتر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش سے برآمدی کنٹینر بروقت بندرگاہ پر نہیں پہنچ سکیں گے جس کی وجہ سے انہیں مطلوبہ جہازوں پر لوڈ نہیں کیاجا سکے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں ٹیکسٹائل اور دیگر مصنوعات بروقت دوسرے ملکوں تک نہیں پہنچ سکیں گی جس سے غیر ملکی خریداروں کا پاکستانی برآمد کنندگان سے اعتماد اٹھ جائے گا اور پاکستان کیلئے اپنے برآمدی اہدا ف کو حاصل کرنا بھی مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ٹرینوں اور خاص طور پر فریٹ ٹرینوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے جو باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں جلد خراب ہونے والی سبزیوں اور پھلوں کی برآمد مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کی تاخیر سے ملک کو 2سے تین ارب ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے جبکہ ہم ایک سے ڈیڑھ ماہ پیچھے چلے جائیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور خاص طور پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرائیں تاکہ ملک کے عظیم تر مفادات کو پہنچنے والے نقصانات سے بچاجا سکے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہمیں صوبائیت کی بجائے اس مسئلے کو قومی تناظر میں فوری طور پر حل کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں