دنیا کا امن مسئلہ فلسطین کے حل کیساتھ جڑا ہے

گوجرہ(نامہ نگار)اہل اسلام کا دل اہل فلسطین کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ دنیا کا امن مسئلہ فلسطین کے حل کے ساتھ جڑا ہے۔ان خیالات کا اظہارنورالھدی سیرت سنٹر کے زیر اہتمام نورالھدی مسجدگوجرہ میں منعقدہ سیمینار سے نوجوان سکالر خزیمہ ظاہری ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام کی حالت زار پر دنیا عالم کی خاموشی انسانیت کے لیے المیہ ہے ۔فلسطین کے لوگ اپنے بنیادی حقوق کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔ عالمی برادری کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے مداخلت کرے، اقوام متحدہ کے چارٹر پر مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر ایک عرصہ سے حل طلب ہیں، غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے ہزاروں بے گناہ مسلمان شہید ہو چکے ہیں ۔ اہل پاکستان اہل غزہ وفلسطین کے ساتھ ہیں پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا ۔ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرکے اہل غزہ فلسطین کے ساتھ اظہار یک جہتی کرے۔ آخر میں عالم اسلام، فلسطین وکشمیر، مقامات مقدسہ وطن عزیز پاکستان اور دفاعی اداروں کی حفاظت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں سیمینار میں تمام مکاتب فکر اور تمام شعبہ جائے زندگی کے لوگوں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں