مبینہ پولیس مقابلہ میں2ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک،2فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ ڈرائی پورٹ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈولفن ٹیم نے دوران گشت ڈرائی پورٹ روڈ پر موٹرسائیکلوں پر سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے ڈولفن ٹیم پر فائرنگ کر دی، ڈولفن ٹیم نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے ریسکیو15 پر کال کی تو اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ملت ٹائون’ انچارج چوکی منیانوالہ’ ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے قریب جا کر دیکھا تو دو ڈاکو مردہ حالت میں پڑے تھے جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے ڈاکوئوں کی شناخت خالد اور ندیم کے ناموں سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے اور ان کے قبضہ سے ملنے والی موٹرسائیکل بھی چوری کی نکلی۔ تاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے مارے جانیوالے ڈاکوئوں کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں