پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے

سرگودہا (بیورو چیف) فوکل پرسن وزیر اعلی پنجاب برائے پولیو عظمی کاردار نے پولیو مہم کے جائزہ کے لیے سرگودہا کا دورہ کیا۔ دفتر ڈپٹی کمشنر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وہ سرگودہا آئی ہیں تاکہ انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو بھرپور انداز میں جاری ہے۔پولیو مہم کے دوران 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پہلے روز ایک لاکھ 50 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔مہم کا سو فیصد ہدف مکمل کرنے کے لیے 3 ہزار 331 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، 612 ایریا انچارج 169 یونین کونسلز میں کام کر رہے ہیں۔ پولیو مہم کے لیے 3 ہزار 336 موبائل، 206 فکسڈ اور 89 ٹرانزٹ ٹیمیں فیلڈ میں صبح چھ بجے سے موجود ہیں۔ڈی سی دفتر سرگودہا میں منعقدہ اجلاس کے دوران پولیو فوکل پرسن عظمیٰ کاردار کو جاری انسداد پولیو مہم بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر بھی موجود تھیں۔عظمی کاردار نے والدین سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں