گیس لیکج سے مدرسے میں دھماکہ،1طالبعلم جاں بحق،6زخمی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سمن آباد کے علاقہ ستارہ کالونی پھاٹک کے قریب گلشن اقبال مسجد میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ایک طالب علم جاں بحق، معلم سمیت6طالب علم بری طرح جھلس گئے، ریسکیو1122کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ستارہ کالونی رسالہ روڈ پر پھاٹک کے قریب گلشن اقبال جامع مسجد میں طالب علم قرآن پاک کی تعلیم حاصل کر رہے تھے،ایک سٹور روم جس میں سولر پینلز اور انورٹرلگا ہو ا تھا اور اسی کمرہ میں گیس کا کنکشن موجود تھا، کمرہ سے گیس لیکج کی بو آ رہی تھی تو معلم قاری ظہیر احمد نے 17سالہ طالب علم ریحان ولد ارشاد علی سکنہ گلشن اقبال اے بلاک کو گیس کی بو چیک کرنے کا بھیجا تو مذکورہ طالب علم نے کمرہ کا دروازہ کھولا تو جونہی بلب آن کیا تو گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکہ کے ساتھ کمرہ میں آگ لگ گئی جس کی لپیٹ میں آ کر ریحان موقع پر جاں بحق جبکہ قاری ظہیر احمدولد نذیر احمد، سیکورٹی برانچ میں تعینات پولیس اہلکار عتیق الرحمان کا بیٹا فلک شیر ‘طالب علم 12سالہ حسن ولد سہیل، 10سالہ عبدالہادی ولد فیض رسول،12سالہ محمد حسنین ولد ذوالفقار علی بری طرح جھلس گئے تو وہاں پر موجود عملہ نے قاری ظہیر کو الائیڈ ہسپتال جبکہ دیگر طالب علموں کو سول ہسپتال سمن آباد منتقل کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں