ڈویژنل انتظامیہ کا عوام الناس کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد نے عوام الناس کے مسائل کا ازالہ ان کی دہلیز پر کرنے کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد دوبارہ شروع کیا ہے۔کمشنر مریم خان نے تحصیل اٹھارہ ہزاری کے نواحی علاقے رشید پور میں کھلی کچہری لگا کر مقامی افراد کے محکموں سے متعلق انفرادی اور اجتماعی مسائل سن کر ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و دیگر ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر نے شہریوں کے مختلف نوعیت کے موقع پر مسائل سماعت کئے۔ریونیو سے متعلقہ درخواستوں پر سینئر افسران کو از خود سماعت کرنے کے تحریری احکامات دے دیئے۔کمشنر نے سائلین کے مسائل کو از خود نوٹ کیا اور افسران کو حل کرنے کی ٹائم لائن دی،ایک شہری کی نشاندہی پر ایکسیئن ہائی وے کو زیر تعمیر سڑکوں پر روزانہ کی بنیاد پر پانی کا چھڑکا کرنے کے احکامات دے دیئے۔کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ شہریوں کی شکایات و مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ڈویژن کے تمام اضلاع میں کھلی کچہریوں سے سائلین کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں