لاہور نے ملتان کوہرا دیا

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 5وکٹ سے شکست دے دی اور ایونٹ میں اپنی تیسری فتح حاصل کرلی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 186رنز کا ہدف 5وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔فاتح ٹیم کی طرف سے ڈیرل مچل نے 38گیندوں پر 64رنز بنائے، اس دوران انہوں نے 4چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔لاہور قلندرز کے دیگر بیٹرز میں عبداللہ شفیق 34، فخر زمان 28، محمد نعیم 6اور سیم بلنگز صفر رنز بنا کر پویلین لوٹے۔سکندر رضا نے ناقابل شکست 40رنز بنائے جبکہ آصف علی 1 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ ملتان سلطانز کے عبید شاہ نے 2، محمد حسنین، عاکف جاوید اور جوش لٹل نے 1، 1وکٹ حاصل کی۔ڈیرل مچل کو میچ میں آل رائونڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے لیے 186 رنز کا ہدف سیٹ کیا، یاسر خان 24، عثمان خان 18اور شائے ہوپ 9رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔کپتان محمد رضوان نے 48گیندوں پر 76رنز بنائے، ناقابل شکست رہنے والے بیٹر نے اس دوران 3چھکے اور 6چوکے لگائے۔دوسری طرف کامران غلام نے کپتان کا پورا ساتھ دیا، 31گیندوں پر 52رنز کی باری کھیلنے والے بیٹر نے 4چھکے اور 2چوکے لگائے، اور وہ بھی ناٹ آئوٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ پر 59 گیندوں پر 115 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران شاہین آفریدی، حارث رف، آصف آفریدی سمیت کسی بھی بولر کی ایک نہ چلنے دی۔لاہور قلندرز کی طرف سے ٹام کرن، حارث روف اور ڈیرل مچل نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔اس سے قبل لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیصلہ کیا تھا، میچ میں لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ ملتان سلطانز کی کپتانی کے فرائض محمد رضوان نبھائے۔سیزن 10 میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کا چھٹا میچ تھا، شاہین آفریدی الیون نے اس سے قبل 2 میچز جیتے جبکہ 3 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اسی طرح ملتان سلطانز کو صرف 1 میچ میں فتح ملی ہے جبکہ 4 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس میچ میں لاہورقلندرز کی فائنل الیون میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، محمد نعیم، ڈیرل مچل، سیم بلنگز، شاہین آفریدی، آصف علی، حارث روف، ٹام کرن اور آصف آفریدی شامل تھے۔دوسری طرف ملتان سلطانز کی ٹیم میں شائی ہوپ، عثمان خان، کامران غلام، محمد رضوان، افتخار احمد، مائیکل بریسویل، عاکف جاوید، محمد حسنین، عبیدشاہ اور جوشوا لٹل کھیل رہے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں