سندھ میں اہم سڑکیں بند کرنے کا کوئی جواز نہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2مئی کو بلانے کے فیصلے کے بعد نہروں کے مسئلہ پر سندھ میں اہم شاہراں کو بند کرنے کا قطعی کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں اختلافات کو باہمی بات چیت کے ذریعے حل کیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے اس مثبت سوچ کے تحت نہروں کے تنازعہ کو حل کرنے کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے تاکہ اختلافات کو جمہوری طریقے سے حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتالی افراد کا بھی پہلے یہی مطالبہ تھا کہ اس متنازعہ مسئلے کو قانونی اور آئینی طریقے سے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں طے کیا جائے۔ مگر بدقسمتی سے اب جبکہ حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے اس کے باوجود سڑکوں کی بندش کا قطعا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش سے برآمدات اور درآمدات بری طرح متاثر ہورہی ہیں جو دراصل پورے ملک کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات ملکی معیشت کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس عمل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا غیر دانشمندانہ اقدام ہے جس سے خود ہڑتال کرنیوالوں کا ہی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہڑتالی کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ تاہم حکومت سندھ کو اس مسئلہ کے حل کیلئے فوری اور عملی اقدامات اٹھانے ہونگے، بصورت دیگر برآمدات میں اضافے کا عمل رک جائے گا جس سے معیشت کی بحالی کی کوششیں بری طرح متاثر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش سے بڑی تعداد میں برآمدی کنٹینر رکے ہوئے ہیں جن سے اب تک تجارت کو دو ارب ڈالرکا نقصان ہوچکا ہے اور اگر سڑکوں کو فوری طور پر کھولا نہ گیا تو ملکی معیشت کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں