گیارہ ماہ میں 2.2ارب کی منشیات برآمد

لاہور(بیوروچیف )ڈائریکٹر جنرل و کمانڈر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بریگیڈئیر مظہر اقبال نے انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے منشیات سے پاک،صحت مند اور محفوظ پنجاب کے ویژن کے تحت اگست 2025 میں آپریشنل ہونے والی خصوصی فورس اب تک پنجاب میں 24.5 ٹن منشیات کی سپلائی کو ناکام بنا چکی ہے۔ اگست 2025 سے اب تک پنجاب بھر میں 20250 سے زائد کامیاب آپریشنز کیے جا چکے ہیں جن میں برآمد شدہ مجموعی منشیات کی مالیت کا تخمینہ 2.2 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف بلا تعطل کاروائیوں میں 26,700 لیٹر غیر قانونی شراب کے علاؤہ 200 سے زائد اسلحہ،5000 سے زائد ایمونیشن اور 16 کواڈ کاپٹرز قبضے میں لیے جا چکے ہیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف 440 مقدمات میں 750 سے زائد ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جن میں سے 13 مقدمات کے ٹرائل مکمل ہو چکے ہیں جن میں سزا کی شرح 75 فیصد ہے۔3 منشیات فروشوں کو14 سال، 2 کو دس سال، تین کو 9 جبکہ1 کو 16 سال قید با مشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے بتایا کہ سی این ایف منشیات کی رسد کے خاتمے کے ساتھ اس کی طلب کو بھی کنٹرول کر رہی ہے اس مقصد کے لیے منشیات کے مضر صحت اور مضر معاشرہ اثرات سے متعلق آگاہی کو عام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب سی این ایف گزشتہ 9 ماہ میں 250 سے زائد تعلیمی اداروں میں انٹرایکٹو آگاہی سیمیناز کروا چکی ہے جہاں طلبہ کی کونسلنگ کے ساتھ آگاہی مہم میں رضاکارانہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار منشیات پر کنٹرول کے لیے عوامی شمولیت کو پقینی بنایا گیا ہے اور منشیات فروشوں اور منشیات کے استعمال سے متعلق اطلاع کے لیے باقاعدہ ہیلپ لائن 1012متعارف کروائی گئی ہے جہاں اور اطلاع دینے والوں کی شناخت کو خفیہ رکھنے کی یقینی کروائی گئی ہے۔ برگیڈئیر مظہر اقبال نے بتایا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس 9 ماہ کی مختصر مدت میں 9 ڈویزنز کے بعد پنجاب کے تمام اضلاع میں بھی فعال ہو چکی ہے۔ طلبہ اور نوجوانوں کو منشیات سے پاک اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے آپریشنز اور آگاہی مہمات کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں