101ارب مالیت کے11ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد (بیوروچیف) سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 101 ارب روپے سے زائد کی تخمینہ لاگت سے 11ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں سے زیادہ تر پنجاب کے منصوبے ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوا، جس میں 91ارب روپے مالیت کے 4 منصوبوں کو باضابطہ منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کی ایگزیکٹو کمیٹی کو بھیج دیا گیا، جب کہ 10 ارب روپے کی 7 اسکیموں کی منظوری دے دی گئی۔یہ منصوبے اعلی تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہاسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن اور سیاحت کے شعبہ جات کے ہیں۔ مجموعی طور پر 101ارب روپے میں سے تقریبا 78 ارب روپے کے منصوبے پنجاب میں مکمل کیے جائیں گے۔اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں 5 ارب روپے کے 2 منصوبوں کی منظوری دی گئی، ان میں 3 ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت سے نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمس) راولپنڈی کی ترقی اور ایک ارب 69 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے میرپور خاص میں سکھر انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) یونیورسٹی کیمپس کا قیام شامل ہے۔سی ڈی ڈبلیو پی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق 4 ارب 96 کروڑ روپے کے گوادر سیف سٹی پروجیکٹ کی بھی منظوری دی، اس منصوبے کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے 50/50فیصد کی لاگت کی تقسیم کی بنیاد پر پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی جائے گی۔ فزیکل پلاننگ اینڈ ہاسنگ سے متعلق 49 ارب 27 کروڑ روپے مالیت کا منصوبہ لیریچ کالونی سے گلشن راوی، لاہور (ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے) سیوریج سسٹم باضابطہ منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں