دین اسلام، ارض پاکستان، پاک افواج… نوکمپرومائز

پہلگام واقعے پر بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے مگر اسے کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے ہزار بار سوچنا چاہیے کہ اب کلہاڑیوں اور لاٹھیوں کی لڑائی کا دور نہیں، اگرچہ وہ اس لڑائی میں بھی ہم سے جیت نہیں سکتا مگر الحمدﷲ! پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور ہم اپنے دشمن کو ناکوں چنے چبوانا بخوبی جانتے ہیں، بھارت میں مودی حکومت نے اپنے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے جو گل کھلائے وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں اور اب پہلگام واقعے کی آڑ میں دو ایٹمی قوتوں کو آمنے سامنے کھڑا کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جبکہ پاکستانی حکومت نے ہمیشہ کی طرح اب بھی نہایت فہم وفراست سے دانشمندانہ فیصلے کئے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے پہلگام واقعہ کی کسی بھی غیر جانبدارانہ’ شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات میں شرکت اور تعاون کرنے کیلئے تیار ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یہ کہنا عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے کہ پانی ہمارے 24کروڑ عوام کیلئے لائف لائن ہے، پاکستان کے پانی کے بہائو کو روکنے کی کسی بھی کوشش کا پوری قوت سے جواب دینگے، پاکستانی حکومت کے برعکس بھارتی حکومت نے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگانے کا رویہ نہیں چھوڑا جو اس کی دائمی الزام تراشی کی ایک اور مثال ہے، جس کو روکنا ضروری ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان بھارتی جھوٹ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں کامیابی حاصل کر رہا ہے جس کی ایک واضح مثال یہ ہے کہ بھارت سلامتی کونسل میں من پسند قرارداد منظور کروانے میں ناکام رہا ہے، پاکستان نے بڑی سفارتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلگام واقعے کیخلاف منظورکردہ مذمتی قرارداد میں سخت الفاظ شامل کرانے کی بھارتی کوششوں کو ناکام بنا دیا، پاکستانی حکومت کو اس بات پر مکمل توجہ دینی چاہیے کہ وہ دنیا کے سامنے بھارتی جھوٹ کا پول کھولنے کیلئے تیار رہے اور اس کی مکروہ سازشوں کو خاک میں ملانے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کو اپنی سفارتی کوششوں میں کامیابی مل رہی ہے، اس حقیقت سے ہر ذی شعور آگاہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے جنگی جنون میں ابھی تک کمی نہ آ سکی ہے، بھارتی حکام پاکستان کیخلاف مسلسل زہرافشانی میں مصروف ہیں حالانکہ پہلگام واقعے میں بھارتی سکیورٹی حکام کی ناکامی واضح ہو چکی ہے، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ دہشت گردی صرف جنوبی ایشیا کا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، دنیا بھر میں کہیں نہ کہیں دہشت گردی کا کوئی نہ کوئی واقعہ ہوتا رہتا ہے، ایسے میں کسی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ فوری طور پر کسی دوسرے ملک پر دہشت گردی کے واقعات کا الزام عائد کر دے، یہ بات پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو عالمی معاہدوں پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے، بھارتی حکمرانوں کو یہ بات بھی ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ مسلمانوں کا جذبہ شہادت انہیں ہر میدان میں کامیابی وکامرانی عطا کرتا ہے، امن ہماری اولین ترجیح ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اور بھارت کو اس حوالہ سے کسی بھی قسم کے غلط تاثر اور الجھن میں نہیں رہنا چاہیے، ہماری بہادر مسلح افواج کسی بھی قسم کی مہم جوئی کیخلاف ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے پوری طرح سے اہل اور تیار ہیں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا یہ کہنا قابل صد تحسین ہے کہ ہم نے پاکستان کیلئے بہت سی قربانیاں دیں، ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دوقومی نظریہ ہمیشہ سے پاکستان کے وجود کی بنیاد رہا ہے، قائداعظم کے الفاظ آج بھی اس نظریہ کی گواہی دے رہے ہیں کہ ہندو اور مسلم دو مختلف مذہبی فلسفوں’ معاشرتی روایات اور تہذیب سے تعلق رکھتے ہیں، ہمارا مذہب’ رسم ورواج’ روایات’ سوچ اور عزائم مختلف ہیں، دو قومی نظریے کی بنیاد یہ تھی کہ مسلمان اور ہندو دو قومیں ہیں، ہمارے آبائو اجداد نے پاکستان کی تخلیق کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، انہوں نے نئے وطن کے حصول کیلئے بے مثال جدوجہد کی، دو قومی نظریہ میں کسی بھی پاکستانی کو رتی بھر بھی شک نہیں، مسلمانوں اور ہندوئوں میں خلیج اتنی بڑی ہے کہ کبھی ختم نہیں ہو گی، تاریخ کو جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے ذریعے مسخ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو گی، دو قومی نظریہ ایک زندہ حقیقت ہے جسے کوئی میڈیا یا پروپیگنڈہ جھٹلا نہیں سکتا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی یہ باتیں پوری قوم کی آواز ہے، پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ اور متحد ہے اور مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کی لئے پُرعزم ہے، ہم وطن عزیز کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے اور قومی وقار اور مفاد کیخلاف ہر مہم جوئی کا مقابلہ کرینگے، پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی آبی جارحیت اوردیگر اقدامات کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستان نے بھارت سے تجارت’ واہگہ بارڈر’ فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا اور یہ بھارت کو انتباہ ہے کہ وہ جیسا کرے گا ویسا بھرے گا، بھارت کو من گھڑت الزامات عائد کر کے تصادم کے راستے پر چلنے سے گریز کرنا چاہیے، پاکستانی قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے، عوام اور مسلح افواج مل کر ایک بار پھر ثابت کر دینگے کہ ان کا ملک ناقابل تسخیر ہے، دین اسلام پر ہر مسلمان قربان ہونے کیلئے تیار ہے، دھرتی ماں کی عزت وحرمت اور حفاظت ہمارا فرض ہے جبکہ پاک فوج ہماری آن بان اور شان ہے اور بھارتی حکمرانوں کو جان لینا چاہیے کہ ہم دین اسلام’ ارض پاکستان اور پاک افواج پر کسی بھی قیمت پر کوئی کمپرومائز نہیں کرینگے، بھارت ہوش کے ناخن لے اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راہ راست پر آ جائے’ اگر اس نے جارحیت کی تو پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی اور دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے اسے وہ سبق سکھایا جائے گا جسے وہ کبھی بھی بھول نہیں سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں