ٹرالر کی موٹر سائیکل کوٹکر،2بھائی جاں بحق،باپ بیٹا زخمی

مکوآنہ (نامہ نگار) مکوآنہ’ خانوآنہ بائی پاس روڈ پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں دو کم سن بھائی جاں بحق’ باپ اور تیسرا بھائی بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122 نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا، حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مکوآنہ کا رہائشی 34سالہ محمد اقبال اپنے تین بیٹوں 12سالہ عاطف’ 11سالہ نعمان اور 6سالہ سفیان کو موٹرسائیکل پر سکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ جب وہ مکوآنہ سے خانوآنہ بائی پاس روڈ پر پی ایس او پٹرول پمپ کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالے 22ویلر ٹرالر کی ٹکر لگنے سے باپ بیٹے موٹرسائیکل سے گر کر بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو دو کم سن طالب علم بھائی 11سالہ نعمان اور 66سالہ سفیان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے جبکہ ان کے زخمی باپ محمد اقبال اور تیسرے بھائی 12سالہ عاطف کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر حادثے کے مرتکب ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں