عوامی شکایات کے فوری ازالے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ تحصیل بھلوال کا اچانک دورہ کیا اور مختلف عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ٹی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی، ایمرجنسی سروسز، عملے کی حاضری اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں سے براہ راست سہولیات بارے دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے۔ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو بلا تعطل معیاری علاج معالجہ فراہم کیا جائے اور سرکاری طور پر مہیا کی جانے والی تمام ادویات مریضوں کو مفت دی جائیں۔ بعد ازاں کمشنر نے ماڈل ڑیڑھی بازار بھلوال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دکانوں کی ترتیب، صفائی کے انتظامات، روشنی کے نظام اور عوامی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بازار میں خریداری کے لیے آئے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور ان سے سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے بھلوال شہر میں صفائی کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سرگودہا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (SWMC) کی جانب سے شہر میں جاری “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب کا وژن عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا اور صاف ستھرا ماحول مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے افسران کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور لگن سے سرانجام دیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں