CPOکا جرائم میں50فیصد کمی کا دعویٰ جھوٹ کا پلندہ قرار

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)حکومتی جماعت سے تعلق رکھنے والے موجودہ و سابقہ اراکین اسمبلی ‘ تنظیمی عہدیداروں نے سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کا 50فیصد جرائم میں کمی ہونے کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیدیااور کہا کہ جب سے صاحبزادہ بلال عمر فیصل آبادمیں سٹی پولیس آفیسر کے منصب پر فائز ہوئے ہیں تب سے پاکستان کا دوسرا بڑا صنعتی شہر ”کچے کے علاقے میں”تبدیل ہو گیا ہے۔ جرائم میں کمی ہونے کی بجائے بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری سی پی او صاحبزادہ بلال عمر پر عائد ہوتی ہے ایم این اے شہباز بابر گجر کی زیر صدارت ہونے والے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی موجودگی میں DDCکے ممبران نے سی پی او فیصل آباد کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ فیصل آباد میں جرائم حد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں جبکہ سی پی او کا دعویٰ ہے کہ ان کی تعیناتی کے دوران سنگین جرائم میں 50فیصد کمی ہوئی ہے جو سراسر جھوٹ کا پلندہ ہے۔سٹی جنرل سیکرٹری میاں ضیاء الرحمن نے کہا کہ ان کے حقیقی بھائی کی گاڑی پر سرعام ملت چوک میں جرائم پیشہ افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی ان کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنا کر اغواء کر لیا جو پولیس کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ میاں ضیاء الرحمن نے کہا کہ سی پی او فیصل آباد نے اس واقعہ کا نوٹس لینا تو دورکی بات ہمارا ٹیلی فون تک نہیں سنا۔فیصل آباد میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کا راج ہے۔ شریف شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو غیر محفوظ ہو چکی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ فیصل آباد اب پاکستان کا مانچسٹر نہیں بلکہ ”کچے کا علاقہ ” ہے۔جہاں پر جرائم پیشہ افراد کا راج ہے۔ سابق ایم این اے میاں عبدالمنان کے ساتھ ساتھ میاں طاہر جمیل ‘ خواجہ محمد رضوان’رانا علی عباس خاں و دیگر نے بھی سی پی او فیصل آباد کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حالات آئوٹ آف کنٹرول ہیں۔لہذا وہ بہت جلد پارٹی قائدمیاں نواز شریف ‘ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیرا علیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں حالات سے آگاہی دیںگے اور بتائیںگے کہ پولیس کی سرپرستی میں سرعام جرائم اور منشیات فروشی ہورہی ہے۔خواجہ محمدرضوان نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء کے عام انتخابات میں ہم فیصل آباد سے 14سیٹیں ہارے تھے اب ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے آئندہ ہونے والے الیکشن میں ہم 28سیٹیںہار جائیں گے۔DDCکے ممبران نے کہاکہ فیصل آباد میں اس وقت افسر شاہی کا راج ہے ۔ ہماری کوئی وقعت نہیں اور نہ ہی ہماری کسی بات کا نوٹس لیا جاتا ہے۔پولیس افسران ہمارا فون تک نہیںسنتے۔ ہمارا اپنے دفاتر میں بیٹھنا مشکل ہو چکا ہے۔تمام افسران ان سوالات کا جواب نہ دے سکے جبکہ اجلاس کے دوران سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر تو اس غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے انتہائی ڈسٹرب ہو گئے اور وہ خاموشی کے ساتھ ارکان کے تلخ سوالات سنتے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں