رفحان ملز پل بھی بند،شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال ایکسپریس وے پر 204چک پل کے بعد رفحان ملز پل کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، جسکی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ’ ون وے کی خلاف ورزی’ حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے’ کینال ایکسپریس وے کے دوسری جانب جانے کیلئے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیل کے مطابق ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنے کیلئے کینال روڈ ایکسپریس وے پر پلوں کو بند کرنا شروع کر دیا، جسکی وجہ سے کینال روڈ کے دونوں اطراف رہنے والے افراد کو دوسری جانب جانے کیلئے کافی لمبا روٹ اختیار کرنا پڑے گا، ٹریفک پولیس نے پہلے 204چک پل کو ٹریفک کیلئے بند کرنے کے بعد رفحان ملز پل کو دیوار کھڑی کر کے بند کرنا شروع کر دیا، جسکی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔ کینال روڈ کے دونوں اطراف بڑی رہائشی کالونیاں واقع ہیں، جہاں کے لوگوں کو کینال کے دوسری طرف جانے کیلئے ضلعی حکومت نے ان کی سہولت کیلئے پل تعمیر کروائے تھے تاکہ لوگوں کو گزرنے میں آسانی ہو، تاہم ٹریفک پولیس نے گزشتہ دنوں 204چک والا پل کو دیوار کرکے بند کر دیا اور اب رفحان ملز والا پل بھی بند کرنا شروع کر دیا، جس پر شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایکسپریس وے پر کینال روڈ پر پل بند کرنے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی مریض کو ہسپتال پہنچانا ہو تو بہت زیادہ فاصلہ طے کرنے کے بعد دوسری طرف جانا ہو گا، جسکی وجہ سے انسانی جان بھی جا سکتی ہے اور بچوں کو سکول پہنچانے کیلئے لمبا روٹ طے کرنا پڑتا ہے اور بعض شہری پل بند ہونے سے ون وے کی خلاف ورزی میں اضافہ ہونے سے حادثات کی شرح میں اضافہ ہو گیا ہے اور ٹریفک کے بہائو میں بھی خلل پڑتا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کینال روڈ ایکسپریس وے پر پل بند کرنے کے بعد ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنانا ہے تو ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں