ممتاز عالم دین حضرت مولانا عبدالقادر انتقال کرگئے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ممتاز عالم دین ، درویش صفت انسان حضرت مولانا حافظ محمد عبدالقادر (سابق امام جامع مسجد قادریہ چھوٹی ڈی گرائونڈ پیپلز کالونی نمبر1فیصل آباد) آج صبح رضائے الہٰی سے انتقال کر گئے(انا للہ وانا الیہ راجعون) جن کی نماز جنازہ آج29 اپریل بروز منگل کو رات ساڑھے دس بجے قادریہ پارک چھوٹی ڈی گرائونڈ میں ادا کی جائے گی۔ ان کی رہائش گاہ چھوٹی ڈی گرائونڈ میں ارم پارک کے سامنے ہے۔حضرت مولانا حافظ محمد عبدالقادر نے60سال جامع مسجد قادریہ میں امامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ وہ زندگی بھر قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ کیلئے کوشاں رہے اور سینکڑوں طالب علموں کو حافظ قرآن بنایا۔ حضرت مولانا حافظ محمد عبدالقادر”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک کے دیرینہ دوست تھے اور ان سے مشاورت کر کے دعوت و تبلیغ کا فریضہ سرانجام دیتے رہے، ان کے انتقال پرملال کی خبر ان کے شاگردوں اور چاہنے والوں کے دلوں پر بجلی بن کر گری اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔ ممتاز عالم دین حضرت مولانا حافظ محمد عبدالقادر کچھ عرصہ سے علیل تھے اور بیماری کے دوران بھی اسلامی اقدار کا فروغ ان کا مشن رہا۔”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے ایڈیٹر ہمایوں طارق اور نیوز ایڈیٹر ریاض ملک نے ان کی دینی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت مولانا حافظ محمد عبدالقادر نے اپنی ساری زندگی دین اسلام کی خدمت کے لئے وقف کئے رکھی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں